موٹر سائیکل سواروں کو سستا پٹرول

موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول 100روپے سستا ملے گا، وزیر پٹرولیم

ویب ڈیسک:وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہناہے کہ غریب کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، موٹرسائیکل سواروں کو فی لیٹر پیٹرول پر50 نہیں بلکہ 100روپے کا ریلیف ملے گا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہمیں اس پر عمل درآمد کے لیے صرف 6 ہفتے دیے ہیں، غریب کا پیٹرول سستا کریں گے، امیر کے پیسے غریب کی جیب میں ڈالیں گے، موٹر سائیکل سوار کا احساس کرتے ہوئے ان کے لیے پیٹرول کی قیمت کم کر رہے ہیں۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ بڑی گاڑیوں والے پیٹرول کی زیادہ قیمت دیں گے، پیٹرول پر اب امیر 100 روپے زیادہ دے گا، غریب 100 روپے کم دے گا، 22 کروڑ کی آبادی میں 21 کروڑ غریب ہیں، ہم غریب کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ گیس کا فیصلہ یکم جنوری سے نافذالعمل ہوچکا، ہم نے گیس کا ٹیرف الگ کردیا، غریب اور امیرکا بل الگ الگ کردیا ہے ۔
اس موقع پر میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ پیٹرول سستا کرنے کے لیے مکانزم بنانے پر کام جاری ہے، ہمارے پاس عوام کا ڈیٹا موجود ہے اور ایک غریب آدمی اپنے موٹر سائیکل پر ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ سبسڈی کے اہل شہری کو ایک وقت میں دو سے تین لیٹر پیٹرول فراہم کیا جائے اور 800 سی سی یا اس سے کم والی گاڑی کو پیٹرول پر 30 لیٹر ماہانہ تک سبسڈی دی جائے گی اور ایک وقت میں گاڑی میں 5 سے 7 لیٹر پیٹرول ڈالا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اہل افراد کو ان کے موبائل پر میسج موصول ہوگا اور وہ اس میسج کو پٹرول پمپ پر دکھا کر پٹرول وصول کر سکے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپس والوں کو ایک ڈیوائس فراہم کی جائے گی جس پر سبسڈی حاصل کرنے والے کا ریکارڈ موجود ہوگا۔

مزید پڑھیں:  زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری موبائل سمز بلاک کرنے کا حکم