پاکستان زلزلے کے جھٹکے

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید زلزلہ، 9 افراد جاں بحق، درجنوں زخمی

پاکستان کے تین صوبوں سمیت جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، مالا کنڈ ڈویژن میں متعدد مکانات منہدم، خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق، 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ویب ڈیسک:
خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں 2 بچیوں سمیت 9 افراد جاں بحق اور درجنوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے ہیں، صوبے بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر تھی جبکہ اس کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، آزاد کشمیر، کوہاٹ، صوابی اور راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کے دوران لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور بلڈنگوں سے باہر آگئے۔
وزیراعظم شہبازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں زلزلے کے پیش نظر لوگوں کی خیریت اور سلامتی کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ سب کو حفظ و امان اور ملک کو ہرآفت سے محفوظ رکھے۔
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اورمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کا اسرائیل کوجواب، فوجی تنصیبات پر گائیڈڈ میزائل سے حملہ