نوشہرہ کے سیلاب زدہ علاقوں

خیبر اور نوشہرہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں حفاظتی پشتوں کی تعمیر کا آغاز

ویب ڈیسک: پاکستان کمیونٹی سپورٹ پراجیکٹ (پی سی ایس پی) نے ضلع خیبر اور نوشہرہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں 10 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی دیواروں کی تعمیر شروع کر دی۔ ضلع خیبر کے علاقوں علی مسجد، لنڈی کوتل اور لالہ چینہ جبکہ ضلع نوشہرہ کے جلوزئی میں ماضی میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے سیلاب ریلے سے بہت زیادہ نقصان ہوا تھا مستقبل میں ان علاقوں اور مقامی آبادی کو سیلابی ریلے سے محفوظ بنانے کیلئے حفاظتی دیواریں تعمیر کی جارہی ہیں۔ضلع خیبر کے علاقہ علی مسجد میں سیلاب سے بچاؤ کی دیواریں 3ہزار ایک سو فٹ، لالہ چینہ میں 3ہزار170فٹ اور جلوزئی میں 3ہزار 160 فٹ تک پھیلی ہوں گی تاکہ ان آبادی والے علاقوں میں واقع دیہات کی بڑی تعداد کی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
لنڈی کوتل میں خیبر خوڑ سے لالہ چینہ تک سیلاب سے بچاؤ کیلئے 4ہزار562 فٹ طویل دیوار سے 8 دیہات کی مقامی آبادیوں کوتحفظ ملے گا۔ حفاظتی دیواروں کی تعمیر کیلئے پی سی ایس پی کی ٹیم نے ضلعی حکام اور مقامی آبادیوں کی مشاورت اور تعاؤن سے مکمل کر لی ہیں۔ پی سی ایس پی عوامی تعاؤن پر مبنی ترقیاتی پروگرام ہے اور یہ تمام تعمیراتی کام مقامی آبادی کی نگرانی اور سرپرستی میں مکمل کیا جائے گا۔ملٹی ڈونر ٹرسٹ فنڈ کے تعاون سے پاکستان کمیونٹی سپورٹ پراجیکٹ خیبر، نوشہرہ اور پشاور کے اس 4 کلومیٹر راہداری کے ان 160 دیہات میں مقامی آبادی کی ترجیحات کی بنیاد پر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معاونت فراہم کر رہا ہے جہاں سے بجلی کے ترسیلی منصوبے کا1000 کی ٹرانسمیشن لائن نے گزرنا ہے۔ پی سی ایس پی کے تعاون سے اب تک 160 سب پراجیکٹس اور 25 خیر سگالی کے منصوبوں کی منظوری دی جا چکی ہے جو تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں۔

مزید پڑھیں:  سٹاک ایکس چینج میں تیزی برقرار، 100 انڈیکس 72 ہزار پوائنٹس کی حد عبور