سالانہ2کھرب کاخسارہ

سالانہ2کھرب کاخسارہ، پختونخوا کا پیسکو کا انتظام سنبھالنے سے انکار

ویب ڈیسک: پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو 200ارب روپے سالانہ خسارے کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس کے باعث خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی موجودہ حالت میں منتقلی سے معذرت کرلی ہے ۔نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی بدانتظامی اور مالی مشکلات کے باعث انہیں صوبوں کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ایسے میں پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو خیبر پختونخوا کے سپرد کیاجائے گا
پیسکو اس وقت 200ارب روپے سالانہ خسارے کا شکار ہے جبکہ اس کے 30ارب روپے کے بقایاجات بھی ہیں۔ پیسکو اس وقت ملک بھر کے یکساں بجلی نرخ کا فائدہ اٹھا رہا ہے جو اس کے صوبے کو منتقل ہونے کے بعد تبدیل ہوجائے گا ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ اس وقت خیبر پختونخوا حکومت شدید مالی بحران سے دوچار ہے جبکہ صوبے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر شدید مالی اور انتظامی دبائو کا شکار ہے ایسے میں مالی بحران کی شکار پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی منتقلی صوبے کے مسائل میں مزید اضافہ کریگی پیسکو کی منتقلی صرف اسی صورت سود مد ہوگی جب بجلی کی پیداوار کے ساتھ ساتھ اس کی آمدن بھی صوبائی حکومت کو منتقل کی جائے
اس اقدام سے صوبے میں وفاق کے تمام ہائیڈرو پاور سٹیشن بھی صوبائی حکومت کو منتقل ہوجائینگے پن بجلی منافع اور پیداوار سے متعلق ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی رپورٹ کو آئندہ مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کیاجائے جبکہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کی صوبوں کو منتقلی کے حوالے سے وزراء کی ایک کمیٹی قائم کی جائے جو اپنی سفارشات مرتب کرسکے

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 36تک جا پہنچی