سابق عالمی چیمپئنز جہانگیر خان

سکواش کے سابق عالمی چیمپئنز جہانگیر خان اور جان شیر خان کو نشان امتیاز سے نوازا گیا

کھیل کے شعبے میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم بلند کرنے پر سکواش کے سابق عالمی چیمپیئنز جہانگیر خان اور جان شیر خان کو نشان امتیاز سے نوازا گیا۔ جہانگیر خان 10 مرتبہ ورلڈ اوپن سکواش چیمپیئن شپ اور 6 بار برٹش اوپن جیت چکے ہیں۔ بغیر شکست کھائے 555 انٹرنیشنل میچز جیت کر جہانگیر خان نے کھیل کی دنیا کا طویل ترین وننگ سٹریک کا ریکارڈ قائم کیا ہے جو آج تک کسی کھیل میں نہیں بنایا جا سکا۔ 1999 میں فرانس نے جہانگیر خان کو سپورٹس اینڈ یوتھ ایوارڈ دیا جبکہ 2007 میں لندن میٹرو پولیٹن یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔ جہانگیر خان کو اس سے پہلے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ہلال امتیاز کے اعزازات مل چکے ہیں۔ اسی طرح جان شیر خان مسلسل 6 سال برٹش اوپن، 8 سال ورلڈ اوپن، 5 بار ورلڈ سپر سیریز، 6 یو ایس جے پی مورگن، 7 مرتبہ ہانگ کانگ اوپن جبکہ 10 بار پاکستان اوپن کا اعزاز جیت چکے ہیں۔ جان شیر خان پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں اب تک چار بڑے قومی اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔ انہیں 1986 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی دیا گیا۔ 1994 میں ستارہ امتیاز اور 1998 میں ہلال امتیاز جبکہ 2023 میں انہیں نشان امتیاز سے نوازا گیا ہے۔ دونوں کھلاڑیوں کو 23 مارچ 2023 کو ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نشان امتیاز کا اعزاز دیا۔

مزید پڑھیں:  پی ایس ایل فائنل: ملتان سلطانز کا اسلام آباد یونائیٹڈکو 160رنزکا ہدف