یوم پاکستان کی تقریب

یوم پاکستان کی تقریب، گورنر نے11 شخصیات کو سول اعزازت سے نوازا

ویب ڈیسک: گورنر ہائوس پشاور میں یوم پاکستان کے موقع پر سول اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر غلام علی نے صوبے کی11 شخصیات کو سول اعزازت سے نوازا۔ تقریب میں نگراں وزیر اعلٰی محمد اعظم، صوبائی وزراء اور چیف سیکرٹری سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر غلام علی نے مذہبی اسکالر قبلہ ایاز کو گرانقدر خدمات پر ستارہ امتیاز دیا، موسیقی و گلوکاری میں خدمات پر گل زری وگمہ کو صدارتی تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ مسعود جان کو بلائنڈ کرکٹ میں غیر معمولی خدمات پر تمغہ حسن کارکردگی سے نوازا جبکہ سورج نرائن عرف نرائن لال کو شعبہ ادب میں عوامی خدمات کے اعتراف میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا۔
عبدالعزیز خان تبسم کو شعبہ فن، فلم و ہدایتکاری کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی دیا گیا، زین اللہ کو شعبہ چترالی ستار نوازی موسیقی و گلوگاری میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز اور نصیب اللہ خان کو شجاعت کے شعبہ میں صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز سے نوازا۔ فرہاج سکندر یار خان کو خدمات عامہ کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز، ڈاکٹر فرید اللہ خان کو خدمات عامہ کے شعبہ میں صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز اور محمد موسی خان خیل شہید کو صحافت کے شعبہ میں غیر معمولی خدمات پر صدارتی ایوارڈ تمغہ امتیاز بعد از وفات سے نوازا جو انکے بھائی عیسی خان خیل نے وصول کیا۔

مزید پڑھیں:  شدید بارش سے124فیڈرز ٹرپ ،پشاور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر