گول کا نیا ریکارڈ

طویل ترین فاصلے سے گول کا نیا ریکارڈ

ارجنٹائن کے گول کیپر لینڈرو ریکوینا نے طویل ترین فاصلے سے گول کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ انہوں نے 101 میٹر کے فاصلے سے کک لگا کر گول کو جال میں پھینکا اور 96.01 میٹر کا پچھلا ریکارڈ توڑ دیا۔ چلی کی ٹاپ فٹ بال سپر لیگ کے ایک میچ میں کوبریسل کی جانب سے کھیلتے ہوئے لینڈرو ریکوینا نے کولو کولو کے خلاف یہ کارنامہ سرانجام دیا۔ کوبریسل پہلے ہی 2-0 سے برتری حاصل کر چکی تھی جب 77 ویں منٹ میں لینڈرو ریکوینا اپنا گول پوسٹ چھوڑ کر فیلڈ میں نکل آئے۔ آگے بڑھتے ہوئے کئی مخالف کھلاڑیوں کو ڈاج دیتے ہوئے جیسے ہی انہیں موقع ملا انہوں نے ایک شاندار کک لگا دی۔ بدقسمتی سے کولو کولو کے گول کیپر برائن کورٹیس بھی کافی باہر نکل چکے تھے۔ گیند ہوا میں اڑتی ہوئے برائن کے سر کے اوپر سے گزر کر زمین پر گری اور اس کا زاویہ بالکل سیدھا تھا جس کے باعث وہ دھیرے دھیرے گول پوسٹ کی لائن عبور کر گئی۔ برائن کی جانب سے اسے روکنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔ لینڈرو ریکوینا نے 101 میٹر کے فاصلے گیند کو جال میں پھینکا اور 2021 میں انگلینڈ میں کھیلے گئے نیوپورٹ کنٹری اور چیلتینھم کے درمیان کھیلے گئے میچ میں ٹام کنگ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جس نے 96.01 میٹر کے فاصلے سے گیند کو گول میں پہنچایا تھا۔

مزید پڑھیں:  اسلام آباد یونائیٹڈ تیسری بار پی ایس ایل کی چمپئن بن گئی