سرکاری ہسپتالوں میں ادویات بحران

سرکاری ہسپتالوں میں ادویات اور لیبارٹریز سامان کا تاریخی بحران

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں ادویات کا شدید بحران پیدا ہوگیا ہے زیادہ تر ہسپتالوں میں بنیادی ادویات کا بھی فقدان ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں اور طبی عملے کے درمیان لڑائی جھگڑے معمول بن گئے محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ فنڈز کی بندش کے نتیجے میں ادویات کی خریداری نہیں کی گئی ہے اور جن ادویہ ساز کمپنیوں کو سپلائی کے آرڈر جاری کئے گئے تھے ان کمپنیوں کے بلوں کی ادائیگی کا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے موجودہ وقت میں جان بچانے والی مختلف ادویات کے ساتھ ساتھ بنیادی لازمی ادویات کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی زیادہ تر اضلاع میں بند کردی گئی ہے
کتے اور سانپ کے کاٹنے کے نتیجے میں متاثرہ مریضوں کیلئے ویکسین موجود نہیں اور شوگر کے مریضوں کیلئے انسولین کی بھی قلت ہے جبکہ ہسپتالوں میں لیبارٹریز کا سامان بھی ختم ہوگیا ہے اور ٹیسٹ اور ایکسریز بھی معطل ہوگئے ہیں مریضوںکو نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریز میں تشخیص کیلئے بھیجا جارہا ہے اس ضمن میں ہیلتھ سیکرٹریٹ کے حکام نے بتایا کہ محکمہ خزانہ کو متعدد مرتبہ درخواستیں بھیجی گئی ہیں لیکن کوئی ایکشن نہیں لیاجارہا ہے نگران مشیر صحت بھی صرف اجلاس منعقد کرکے پالیسی امور میں مداخلت کررہے ہیں اور ادویات اور ہسپتالوں میں علاج کی فراہمی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے ہسپتال غیر فعال ہورہے ہیں اور صرف تنخواہوں کیلئے پیسے جاری کئے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور،باغبانان بازار میں شہید پولیس اہلکار فرہاد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی