رکاوٹوں،پکڑدھکڑ،خودکش حملوں کے الرٹ کے باوجودپی ٹی آئی کامینارپاکستان جلسہ

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف نے کارکنوں کی پکڑدھکڑ،جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑکوں کی بندش اورخودکش حملوں کاالرٹ جاری ہونے کے باوجودمینارپاکستان گرائونڈپرجلسہ کیاجس میں عوام کی بڑی تعدادشریک ہوئی۔ تحریک انصاف کے جلسے سے قبل لاہورمیں مینار پاکستان جانے والے مختلف راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کردیا گیاتھا۔شیخو پورہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے پی ٹی آئی کے قافلوں کو روکنے کے لیے بھی راستے بند کیے گئے۔
اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنمائوں کے گھروں پر مسلسل 5 روز سے چھاپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔پی ٹی آئی کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ہمارے متعدد رہنمائوں اور کارکنوں کو حراست میں لے رکھا ہے اورجلسے کوناکام بنانے کیلئے لاہور کے داخلی راستوں کو بند کیا گیا ہے
جبکہ مختلف راستوں پر کنٹینر لگائے گئے ہیں۔مینار پاکستان جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں جس سے شہریوں کو سفر کے دوران آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تاہم تمام تررکاوٹوں کے باوجودتحریک انصاف کے کارکن دن بھرمینارپاکستان گرائونڈمیں موجود رہے اور ٹولیوں کی صورت میں اضافہ بھی جاری رہا،افطاری کے بعدکارکنوں کی آمد میں تیزی آگئی جونصف شب تک جاری رہی ۔سائونڈ سسٹم پر پارٹی ترانے چلتے رہے جس پر کارکنان اپنے جوش و خروش کا اظہار کرتے نظرآئے ۔لاہورجلسے کے حوالے سے پنجاب حکومت کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ بھی جاری ہواجس میں کہا گیا کہ دہشتگرد دھماکا خیز مواد کے ساتھ لاہور پہنچ چکے ہیں جو سیاسی جلسے یاجلوس کی سکیورٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔مینار پاکستان پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خطاب کیلئے بلٹ پروف کنٹینر کا بندوبست کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  بنوں، ایم ٹی آئی میں بڑے پیمانے پر تبادلے، ڈاکٹر محمد اکرم ڈائریکٹر ہاسپٹل مقرر