لکی مروت،مفت آٹا کے پیسے لینے والا ڈیلر گرفتار

ویب ڈیسک:ڈپٹی کمشنر لکی مروت عبدالہادی نے مفت آٹے کی تقسیم میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے تین ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کرنے سمیت ایک کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے جبکہ ایک پٹواری کو بھی فرائض میں غفلت پر ملازمت سے معطل کردیا گیا۔ عوامی شکایات پرڈپٹی کمشنر نے خیروخیل پکہ میں آٹا ڈیلرز کی دکانوں کا اچانک معائنہ کیا، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلطان نورالدین احمر اور فوڈ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو مفت آٹے کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیا اور مستحقین سے مبینہ طور پر رقم طلب کرنے پر ایک ڈیلر کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیئے
جبکہ پٹواری کو آٹے کی فراہمی کے عمل میں بے قاعدگیاں ضلعی انتظامیہ کو رپورٹ نہ کرنے پر ملازمت سے معطل کردیا اور مزید تحقیقات کیلئے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے سات دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ڈپٹی کمشنر عبدالہادی نے درہ پیزو اور لکی سٹی میں بھی آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کا معائنہ کیا اور بے قاعدگیوں کی شکایت پر تین ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کردیئے ۔انہوں نے ڈیلرز کو ہدایت کی کہ وہ مستحقین کو مفت آٹے کی فراہمی کے عمل میں آسانی لائیں۔

مزید پڑھیں:  طالبان انسداد دہشت گردی کے وعدوں کو پورا کریں،امریکہ