صدر مملکت کے آئینی خط

صدر مملکت کے آئینی خط کا جواب بیہودہ طریقے سے دیا گیا، فواد چودھری

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ صدر مملکت کا خط آئین کی بنیاد پر لکھا گیا تھا لیکن وزیراعظم نے اس کا جواب بیہودہ طریقے سے دیا ہے۔
ویب ڈیسک: لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ رات لاکھوں لوگوں نے فسطائی حکومت کے ہتھکنڈوں کو مستر د کیا، پورا پاکستان اس وقت عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، مینار پاکستان کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز کے ذریعے بند کیا گیا، اس حکومتی ظلم اور جبر کی کوئی مثال نہیں ملتی، لاہور سے لوگوں کو اٹھا کر میسنگ پرسن قرار دیا جارہا ہے، اینٹی کرپشن،ایف آئی اے کے نوٹسز دیئے جارہے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ہم لوگوں کی اس طرح بے عزتی برداشت نہیں کرسکتے، یہ حکومت پاکستان کو دوبارہ فیٹف کی لسٹ میں ڈلوائے گی، آج تیل اور ڈیزل کی قیمت ہمارے وقت سے دگنی ہوچکی ہے، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت آدھی ہوئی ہے اور ادھر ڈبل ہوگئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیاست ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو دیکھ کر آگے بڑھنے کا نام ہے، جس طریقے سے یہ لوگ آگے بڑھ رہے ہیں یہ پاکستان میں بڑے بحران کو جنم دے چکے ہیں، آپ لوگ اتنے خوفزدہ ہیں کہ الیکشن سے بھاگ گئے ہیں، اس وقت تمام نظریں سپریم کورٹ پر ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صدر کا خط آئین کی بنیاد پر لکھا گیا ہے، صدر کے خط کا جواب بے حودہ طریقے سے دیا گیا ہے، شہبازشریف کے خط سے حساب لگا لیں کہ وہ کس قدر چھوٹے آدمی ہیں، پاکستان میں جبری گمشدگیوں کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان میں آئینی حکومت دور نہیں۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر کل لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے