دوسرا ٹی 20 میچ

افغانستان نے پاکستان کے خلاف دوسرا ٹی 20 میچ بھی جیت لیا

شارجہ میں جاری پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی 20 میچز کی سیریز میں افغانستان نے دوسرا میچ بھی جیت لیا ہے۔ گرین شرٹس کو دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست، شاداب الیون کی جانب سے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ میں ناقص کارکردگی نے شکست میں اہم کردار ادا کیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم گرین شرٹس کے اوپنرز ایک بار پھر فیل ہو گئے۔ پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی۔پہلے ہی اوور میں بغیر کسی سکور کے 2 وکٹیں گنوانے کے بعد باقی کے بلے باز بھی دباؤ میں رہے اور تواتر سے وکٹیں گرتی رہیں۔ عماد وسیم 64 اور کپتان شاداب خان 32 رنز بنا سکے۔ فضل حق فاروقی نے 2، نوین الحق، کریم جنت اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے افغانستان کو میچ جیتنے کے لئے 131 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ وکٹ کیپر بلے باز رحمان اللہ گرباز 44 اور ابراہیم زدران نے 38 رنز بنائے۔ زمان خان اور احسان اللہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ افغانستان کو تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹاکرا کل ہوگا