چمکنی میں نوجوان قتل

چمکنی میں نوجوان قتل،لواحقین کااحتجاج،روڈ بلاک

ویب ڈیسک: چمکنی میں کالامنڈی کے قریب 4مسلح افراد نے فائرنگ کرکے نوجوان کوقتل کر دیاجس کے بعد لواحقین نے سڑک پر نکل کراحتجاجی مظاہرہ کیااورملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کو الٹی میٹم دیدی۔بتایاجارہا ہے کہ مقتول کو مبینہ طور پر راہزنی کی واردات کے دوران قتل کیا گیا تاہم پولیس نے بتایاکہ واقعہ کی انکوائری شروع کر دی گئی ہے ۔
مقتول کی شناخت محمد عامر ولد عبدالجبار کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ حال ہی میں چار ماہ تبلیغ میں لگا کر واپس آیا تھا۔ محمد عامر رات کے وقت مستری کی دکان پر جارہا تھا اس دوران جی ٹی روڈ پر شاہ جی فلور مل کے پاس نامعلوم مسلح افراد نے اسے روکا اور بعد میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ مقتول کی عمر تقریبا24 سال تھی۔ واقعہ کے بعد لواحقین و گائوں کے مکینوں نے جی ٹی روڈ پر مویشی منڈی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور تقریبا2گھنٹوں تک جی ٹی روڈ ٹریفک کیلئے بند کئے رکھا ۔
مظاہرین نے پولیس کو ملزموں کی گرفتاری کے لئے پانچ روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ عدم گرفتاری پر وہ دوبارہ احتجاج کریں گے۔ ادھر ایس ایچ او چمکنی افتخار نے رابطہ پر بتایا کہ واقعہ کو راہزنی کی واردات قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔ نہ ہی لواحقین نے رہزنی کی رپورٹ درج کرائی ہے ۔ پولیس تفتیش کر رہی ہے جس کے دوران مزید حقائق سامنے آسکیں گے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 36تک جا پہنچی