تہکال پولیس چوکی

تہکال پولیس چوکی میں مبینہ رہزن نے خود کشی کر لی

ویب ڈیسک: تھانہ تہکال کی پولیس چوکی میں رہزنی کے الزام میں گرفتار ملزم نے مبینہ طورپر حوالات میں گلے میں رومال سے پھندہ ڈال کر خود کشی کر لی، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ متوفی آئس کا نشہ کرنے کیساتھ ساتھ رہزن گروہ کا رکن تھا۔ تھانہ تہکال کی جاوید شہید پولیس چوکی کی حوالات سے عارف ولد محمد طارق ساکن تہکال پایان کی لاش ملی جس کے گلے میں رومال بندھا تھا۔ اس حوالے سے تھانہ تہکال میں سب انسپکٹر محمد فیاض کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق 27 مارچ کو صبح 6 بجکر 15 منٹ پر انہوںنے چاند ماری روڈ پر گشت کے دوران موٹرسائیکل سوار 3 مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے موٹرسائیکل روکنے کی بجائے رفتار تیز کردی، اس دوران تعاقب کرتے ہوئے انہوں نے ان کے ایک ساتھی عارف ولد محمد طارق کو پکڑ لیا جبکہ اس کے 2 ساتھی فرار ہو گئے۔
پولیس نے عارف سے پستول بھی برآمد کی جس کا لائسنس نہیں تھا جس پر ملزم کیخلاف غیر قانونی پستول رکھنے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ بعد ازاں جاوید شہید چوکی کی حوالات سے اس کی لاش برآمد ہوئی۔ اس حوالے سے ایس پی کینٹ وقاص رفیق نے میڈیا کو بتایا کہ 27 مارچ کو پولیس نے عارف کو گرفتار کر کے انٹاروگیٹ کیا تو اس نے پولیس کو بتایا کہ اسکا رہزن گروہ سے تعلق ہے، اس نے متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کیا اور اپنے دیگر ساتھیوں عزیر ولد محمد اسلم اور محمد ساکنان تہکال پایان کے نام بھی اگل دیئے۔ انہوں نے بتایا کہ عارف رہزن تھا اور وہ آئس کا نشہ بھی کرتا تھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عارف پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا گیا نہ ہی اس کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے۔ متوفی عارف کی نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے مردہ خانے منتقل کردی گئی اور رپورٹ آنے پر مزید معلومات سامنے آ سکیں گی۔

مزید پڑھیں:  امریکی سینیٹ اجلاس، اسرائیل کیلئے 26 ارب ڈالر کا بل منظور