ویب ڈیسک: صوابی کے مانیری بالا گاڑ میں مخالف فریقین کے مابین تصادم کے نتیجہ میں ایک افغان مہاجر سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ زوجہ تلاوت خان سکنہ گاڑ مانیری بالا نے پولیس کو بتایا کہ اس کے 25سالہ بیٹے عدنان نے عنایت کے گھر میں دس روپے فی فٹ کے حساب سے چنائی کے کام کا ٹھیکہ لیا اور دیگر مزدوروں کے ساتھ مل کر کام کیا۔
گذشتہ روز عدنان کی اجرت مانگنے پر عنایت سے تکرار ہوگئی۔ منگل کو عنایت، عامر عرف گرنیڈ اور عابد ساکنان مانیری بالا نے عدنان کو باہر آنے کو کہا جس پر عدنان گھر سے باہر نکلا میں بھی دروازے پر پہنچی۔ تینوں نے میرے بیٹے عدنان کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں عدنان گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ادھر فریق دوم کے عامر خان عرف گرنیڈ سکنہ شریف آباد ڈاگئی لار نے زخمی حالت میںپولیس کو بتایا کہ منگل کے روز عدنان کی ان کے ساتھ موبائل فون پر تکرار ہوگئی جس پر وہ افغان مہاجر سجاد کے ہمراہ موٹر سائیکل پر عدنان کے گھر روانہ ہوئے ۔ جب ہم اس کے گھر کے قریب پہنچے تو وہاں پر موجود ذیشان اور عدنان نے ہم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19سالہ افغان مہاجر سجاد موقع پر جاں بحق جبکہ وہ زخمی ہوگئے۔ پولیس نے دونوں فریقین کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تفتیش شروع کر دی ۔
