جج دھمکی کیس

جج دھمکی کیس میں عمران خان کے پھرناقابل ضمانت وارنٹ جاری

ویب ڈیسک: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کی آج حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے ایک بارپھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی اور ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ عدالت نے عمران خان کو 18 اپریل کوپیش ہونے کا حکم دے دیا۔
قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ ملک امان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے خاتون جج دھمکی کیس میں حاضری سے آج استثنیٰ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں عمران خان کے وکلا نے قابل ضمانت وارنٹ بحال رکھنے کی استدعا کردی۔ وکیل نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے، سکیورٹی واپس لینے پر ہائیکورٹ نے بھی نوٹس جاری کیے۔ پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی نے دلائل دیئے کہ عمران خان غیرحاضرہیں، قابل ضمانت کو ناقابلِ ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیاجائے۔
وزیرآباد کا بہانہ سن سن کر کان پک گئے ہیں۔2 دن پہلے وزیرآباد نہیں تھا جب ہائیکورٹ پیش ہوئے؟ہر تاریخ پر عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کی گئی۔گزشتہ سماعت پر جج نے کہا بہت بار استثنی دیا جا چکا، جس کے بعد ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت میں مزید کہا کہ عمران خان کی طبی رپورٹ پیش نہیں کی گئی۔
فاضل جج نے وکلا اور پراسیکیوٹر کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی جانب سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جسے بعد ازاں جاری کردیا گیا، جس میں عدالت نے عمران خان کی حاضری استثنا کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور 18 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

مزید پڑھیں:  6 ججز کا خط، سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج دوبارہ ہوگا