قبائل کااحتجاجی مظاہرہ

مہمند،مفت آٹا نہ ملنے پر قبائل کااحتجاجی مظاہرہ،شاہراہ بند

ویب ڈیسک: مہمند میں سرکاری مفت آٹا پیکج نہ ملنے کے خلاف بائیزئی قبائل نے احتجاج کیا ہے ۔ مظاہرین نے پشاور باجوڑ شاہراہ بند کردی ۔ تحصیل بائیزئی میں ابھی تک آٹے کا ایک تھیلا بھی نہیں دیا جا سکا ہے اسی طرح غلنئی میں بھی آٹا نہیں مل رہا ۔ اپر تحصیل بائیزئی کے مشران رضا خان، ملک نور اللہ، مولانا صفت اللہ اور عمر سید نے مفت آٹا نہ ملنے کے خلاف سینکڑوں افراد کے ہمراہ پشاور باجوڑ شاہراہ بند کر دی اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ شاہراہ کی بندش سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ڈی سی نے بائیزئی سب ڈویژن کیلئے آٹا تقسیم کے لئے دو پوائنٹس کھولنے کا وعدہ کیا تھا جس کے لئے کئی بار مامد گٹ اور بہائی ڈاگ کے چکر لگائے گئے لیکن بائیزئی قبائل سرکاری مفت آٹے سے محروم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ہمارے ساتھ سوتیلی ماں سا سلوک کررہی ہے۔ جب تک ہمیں ہمارا حق نہیں مل جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی، سٹاک مارکیٹ میں ملا جلا رجحان