ہائی رسک ممالک

فیٹف کے بعد پاکستان ہائی رسک ممالک کی فہرست سے بھی خارج

ویب ڈیسک: فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس کی طرف سے پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کے بعد اب یورپین کمیشن نے بھی ہائی رِسک ممالک کی فہرست میں سے پاکستان کا نام نکال دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یورپی کمیشن نے ہائی رسک ممالک کی فہرست میں سے پاکستان کا نام خارج کرتے ہوئے پاکستان کی منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات کا اعتراف کیا ہے۔ پاکستان کو اکتوبر 2018 میں یورپی یونین کی ہائی رسک ممالک کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا
جس سے یورپی یونین کے ممالک میں پاکستانی اداروں اور افراد کو قانونی اور مالیاتی لین دین میں رکاوٹیں کھڑی ہوئی تھیں۔ تاہم اب یورپی یونین نے اعلان کیا ہے کہ رکن ممالک کے اداروں کو اب پاکستانی شہریوں اور قانونی اداروں کیساتھ لین دین کرتے ہوئے Enhanced Customer Due Diligence کا اطلاق کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ یورپی یونین ہائی رسک تھرڈ کنٹریز کی فہرست میں ان ممالک کو شامل کرتا ہے جہاں ان کے بقول انسداد منی لانڈرنگ اور انسداد دہشتگردی کے اقدامات نہایت ناقص ہیں جس کیوجہ مالی معاونت کے فریم ورک میں اسٹریٹجک خامیاں ہیں۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ٹوئٹر پر یورپی یونین کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی تاجروں کی مشکلات میں کمی ہوجائے گی۔ گزشتہ برس نومبر میں برطانیہ نے بھی پاکستان کو ایک قانونی دستاویز کے ذریعے ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا تھا ۔

مزید پڑھیں:  کوئٹہ، شیخ الحدیث مولوی محمد عمر جان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق