آٹانہ ملنے پرشہریو ں کادھرنا

شانگلہ،آٹانہ ملنے پرشہریو ں کادھرنا،پولیس کالاٹھی چارج،شیلنگ

ویب ڈیسک: شانگلہ میں بھی سرکاری آٹا کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ہزاروں مظاہرین نے شاہراہ قر ا قرم پر دھرنا دیتے ہوئے روڈ پانچ گھنٹے تک بند رکھا۔ مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو کیا جس پر پولیس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔ ہنگامہ آرائی میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ جمعرات کے روز تحصیل بشام کے علاقہ میرہ میں ہزاروں مظاہرین نے سرکاری آٹا کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف شاہراہ قر ا قرم پر دھرنا دیا اور حکومت، انتظامیہ اور پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی مظاہرین کی قیادت مسلم لیگ ن ویلج کونسل میرہ کے چیئرمین شاہ زینت خان اور اعجاز خان کر رہے تھے
مظاہرین نے بڑے بڑے پتھروں سے شاہراہ قر ا قرم کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جس کی وجہ سے راولپنڈی سے گلگت بلتستان جانے والی سینکڑوں گاڑیاں اور مسافر پھنس کر رہ گئے۔ پولیس روڈ کھلوانے پہنچی تو مظاہرین نے پولیس پر پتھرائو شروع کر دیا جس کے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے فائر کئے اور لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے نتیجہ میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین کے مطابق یونین کونسل میرہ کی آبادی پچاس ہزار سے زائد ہے
جس کے لئے صرف ایک ڈسٹری بیوشن پوائنٹ دیا گیا ہے جو ناکافی ہے ۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے بعد پولیس نے تین مظاہرین کو گرفتار کرلیا تو ہجوم مشتعل ہوگیا ۔ بعد ازاں مقامی مشران کی کمیٹی اور پولیس و انتظامیہ کے درمیان مذاکرات ہوئے اور پولیس نے گرفتار افراد کو رہا کر دیا جبکہ انتظامیہ نے مزید آٹا ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کل سے کھولنے کا اعلان کیا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔

مزید پڑھیں:  رواں سال قرضوں کی ادائیگی کیلئے 8ہزار ارب روپے درکار ہیں،احسن اقبال