الائی آٹا تقسیم

الائی،آٹا تقسیم میں کرپشن،عوام کااحتجاج،اے سی آفس پر حملہ

ویب ڈیسک: مفت آٹا کی تقسیم میں مبینہ کرپشن کیخلاف آلائی علاقہ کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا۔ الائی کے رہائشی مشتعل افراد نے اے سی آلائی کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور پتھرائو کرکے اے سی کے آفس اور گاڑی کے شیشے توڑ ڈالے ۔ مشتعل مظاہرین نے اے سی آفس میں توڑ پھوڑ کے بعد دفتر کے باہر لگے سائن بورڈز پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کر دیا ۔ مشتعل مظاہرین سائن بورڈ اکھاڑ لے گئے اور بنہ چوک میں مقامی انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا ۔
مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر بٹگرام کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی مس مینیجمنٹ کے باعث آلائی اقوام کو مفت آٹا نہیں مل رہا۔ مظاہرین نے کہا کہ مقامی انتظامیہ نے مفت آٹا میں خود کرپشن کی ہے اب اپنی کرپشن چھپانے اور مفت آٹا ہضم کرنے کیلئے آلائی اقوام کو اپنے حق سے محروم کر رہی ہے ۔
دوسری طرف آلائی پولیس نے احتجاج ختم کرنے کی کوشش کی لیکن آلائی کے یونین کونسل پاشتو سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین نے پولیس کی بات نہیں مانی تین گھنٹے سے زائد وقت تک بنہ آلائی سڑک بلاک رہی ۔ دوسری طرف ڈپٹی کمشنر نے آلائی میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال دیکھتے ہوئے خود آلائی کیلئے روانہ ہوگئے۔

مزید پڑھیں:  چینی قافلہ پر خودکش حملہ، گاڑی بم پروف نہیں تھی، فرانزک رپورٹ