باڑہ میں سکیورٹی فورسز

باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ، 2 جوان شہید

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہونے کے باعث سکیورٹی فورسز کے دو جوان شہید ہو گئے۔
ویب ڈیسک: انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دھماکے میں 2 ایف سی اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔
فرنٹیئر کور حکام کے مطابق چار گاڑیوں پرمشتمل ایف سی اہل کاروں کا قافلہ سلوپ قلعہ سے علی مسجد قلعہ جا رہا تھا کہ علاقہ ملک دین خیل کےمقام پر بارودی سرنگ کا نشانہ بن گیا۔
دھماکے سے 2 اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو پشاور منتقل کردیا گیااور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک فوج کے شہید دونوں اہلکاروں کا تعلق ایف سی خیبرپختونخوا سے تھا، شہید نائب صوبیدار حضرت گل شہید کا تعلق لوئر دیر کی تحصیل تمر گرہ سے ہے جبکہ شہید نائیک نذیر اللہ شہید کا تعلق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سراروغہ سے ہے۔
نائب صوبیدار حضرت گل شہید نے سوگواروں میں بیوہ 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑے جبکہ سپاہی نذیر اللہ محسود شہید کے سوگواروں میں بیوہ ، 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا حکومت امن کے قیام میں ناکام ہو چکی، بلاول بھٹو