مچھ میں سکیورٹی فورسز

مچھ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 2 دہشتگرد ہلاک، ایک گرفتار

بلوچستان کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 2 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سبی کے مغربی علاقے مچھ میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، یہ دہشتگرد شہریوں کو نشانہ بنانے، کوئلہ کی کان کے مالکان کو ہراساں کرکے پیسے بٹورنے میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں کے ایک گروپ کو اپنے خفیہ ٹھکانے کی طرف جاتے ہوئے روکا گیا تو انہوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کے شدید تبادلے میں 2 دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا، دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گزشتہ دو روز سے دہشتگردوں کے زیر قبضہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ان کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

مزید پڑھیں:  ماسکو حملے کے پیچھے ممکنہ طور پر امریکا، برطانیہ اور یوکرین ہیں، روس