مسجد اقصیٰ میں نماز

مسلمانوں کومسجداقصیٰ میں نماز ادا کرنے کاحق حاصل ہے، او آئی سی

ویب ڈیسک:اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)نے ایک مشترکہ قرارداد منظور کی ہے جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مسلمانوں کو مسجد اقصیٰ کے اندر نماز ادا کرنے کا خصوصی حق حاصل ہے۔ دوحہ میں قطر نے اعلان کیا کہ اس نے اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں کشیدگی کم کرنے کے لیے ثالثی شروع کر دی ہے۔او آئی سی کی قرارداد جدہ میں اس کی ایگزیکٹو کونسل کے ایک غیر معمولی اجلاس میں منظور کی گئی جس میں مسجد اقصیٰ سے دنیا بھر کے مسلمانوں کی دائمی وابستگی کو اجاگر کیا گیا
قرارداد میں مقبوضہ مشرقی القدس کے عرب اور اسلامی تشخص کی بھی توثیق کی گئی جو کہ ریاست فلسطین کا دارالحکومت ہے ۔ قرارداد میں اسرائیلی قابض افواج اور دہشت گرد آباد کاروں کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران مسجد اقصیٰ پر بار بار دھاوا بولنے کی مذمت کی گئی۔قرارداد میں کہا گیا کہ یہ کشیدگی 14 رمضان کی رات جاری رہی جب اس کے احاطے میں نمازیوں اور عبادات کی ادائیگی میں مصروف افراد پر ظالمانہ وحشیانہ حملہ ہوا، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
قرارداد میں اسرائیلی قابض حکام، ان کے اہلکاروں اور دہشت گرد آباد کاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے تقدس کی مسلسل خلاف ورزی کے سنگین نتائج سے خبردار کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا کہ ان خطرناک اور اشتعال انگیز کارروائیوں پر اسرائیل جوابدہ ہے جو طے شدہ وحشیانہ حملوں اور جان بوجھ کر بار بار اشتعال انگیزی کے ذریعے انتشار اور مذہبی تصادم کو ہوا دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  سائفر کیس میں شک کا فائدہ ملزمان کو جائے گا، اسلام آباد ہائیکورٹ