نوشہرہ جائیدادتنازعہ

نوشہرہ،جائیدادتنازعہ پرفائرنگ،3افرادجاں بحق،5زخمی

ویب ڈیسک: نوشہرہ کے علاقہ حکیم آباد میں جائیداد کے تنازعہ پر مسلح مخالفین کے درمیان خونین تصادم میں دو بھائیوں سمیت 3افراد جاں بحق اور 5افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دونوں گروپوں کی ایف آئی آرز درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ فریق اول سے شہزاد اکرم نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھائیوں مراد اکرم اور ارشاد اکرم اور رشتہ داروں سمیع اللہ اور عدنان کے ہمراہ کھیتوں میں ٹریکٹر چلا رہا تھا
اس دوران ملزم گلریز حکیم، پرویز حکیم، جلال حکیم اور ایک نامعلوم شخص نے آکر ان پر فائرنگ شروع کردی جس سے مراد اور ارشاد اکرم اور رشتہ دار سمیع اللہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ وہ خود اور عدنان شدید زخمی ہو گئے۔ادھر فریق دوم سے حیات گل نے پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے رشتہ داروں اور ساتھیوں کے ساتھ کھیتوں میں موجود تھے اس دوران ملزم اسرار گل، ماجد پسران فرمان شاہ،عدنان ولد حکیم اللہ نے ہم پر فائرنگ شروع کردی جس سے سجاول، حیات گل اور جمال زخمی ہو گئے، پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔

مزید پڑھیں:  بلوچستان اسمبلی کا طلب کیا جانے والا اجلاس ملتوی