پختونخوا کی چینی نیلام

پنجاب کا پختونخوا کی چینی نیلام کرنے کااعلان،بحران شدید

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا کو چینی کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے چینی کی قیمت میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے بھکر میں روکے گئے ٹرالر کے ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیا ہے جس کے بعد صوبے میں چینی کا بحران پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ پنجاب سے خیبر پختونخوا آنے والی چینی کے 50سے زائد ٹرالربھکر کے مقام پر کئی روز سے روکے ہوئے ہیں ایک ٹرالر میں ایک ہزار 440بوریاں آتی ہیں جبکہ ہر بوری میں 50کلو چینی ہوتی ہے
محکمہ خوراک خیبر پختونخوا کی جانب سے مذکورہ ٹرالر چھوڑنے کیلئے مراسلہ بھی ارسال کیا گیا تاہم پنجاب حکومت نے ان ٹرالر کے ڈرائیور گرفتار کرتے ہوئے انہیں جیل منتقل کردیا ہے اور مال کی نیلامی کا اعلان کردیا گیا ہے جس کے باعث اب ان ٹرالر میں موجود چینی کی منتقلی کھٹائی میں پڑگئی ہے پشاور کی مارکیٹ میں چینی کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور چند روز قبل فی کلو 95روپے دستیاب چینی اب 125سے لیکر 130روپے فی کلو میسر ہے دکانداروں کے مطابق اگر چینی کی فراہمی کیلئے سنجیدگی سے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو صوبے میں چینی کا بحران پیدا ہوسکتا ہے اور چینی کی قیمت مزید بڑھ سکتی ہے ۔

مزید پڑھیں:  9 مئی کے مقدمات جلد انجام کو پہنچیں گے ، عطا تارڑ