ملک کو بچانے کیلئے تین

ملک کو بچانے کیلئے تین اداروں کو غیر جانبدار رہنا ہوگا، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہماری خواہش ہے کہ مرکز اور صوبوں میں نگراں حکومت قائم ہو اور پھر اُس کے بعد سب لوگ الیکشن میں جائیں، ملکی مسائل کا حل عوام کے پاس ہی ہے، ملک کو بچانے کیلئے تین اداروں سپریم کورٹ ، سٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار رہنا ہوگا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نجی ٹی وی پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور عمران خان نے رابطہ کمیٹی کا اعلان کیا ہے، پی ڈی ایم کے علاوہ دیگر جماعتیں بھی سٹیک ہولڈرز ہیں، ہماری کوشش ہے تمام پارٹیوں سے رابطہ کیا جائے، چاہتے ہیں ایک نقطے پر سب کو راضی کر لیا جائے، یہ ملک ہم سب کا ہے، اگر نیلسن منڈیلا 30 سال لڑائی کے بعد بیٹھ سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ غریب عوام کا ہے انہیں مسائل کی دلدل سے نکالنا ہو گا، عید کے بعد ہم آگے بڑھیں گے، اس وقت پورا سسٹم جام ہو گیا ہے، چیف جسٹس اگر فل کورٹ بنا دیتے تو سب پیچھے کھڑے ہو جاتے، قومی اسمبلی میں بھی حشر ہو رہا ہے، الیکشن کی گراؤنڈ میں آنے کیلئے تاریخ، رولز پر اتفاق ضروری ہے، مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کریں گے، فیئر الیکشن کیلئے ماحول سازگار بنانا ہوگا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ ایران، سعودی عرب میں دوستی ہو گئی ہے، افغانستان سے امریکا نکل گیا ہے، اب کوئی اور ہمیں منانے کیلئے نہیں آئے گا اپنا مسئلہ حل کرنا ہو گا، اگر ہم کردار ادا نہ کر سکے تو دنیا تماشا دیکھے گی، سپریم کورٹ نے اپنی جیب میں بال کو ڈالا ہے، ان کے پاس موقع ہے سیاسی لیڈروں کو موقع دیں یا فل کورٹ بنا دیں، چیف جسٹس کے پاس آپشن موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ملکی مسائل کو حل کیا جائے، لڑائی سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، پرویز الہیٰ کا موقف اپنی جگہ پر ہے، قوم آٹے کیلئے قطاروں میں کھڑی ہے، غریب آدمی کا برا حال ہے، عوام کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتا ہوں، عید کے بعد معاملات کے میچور ہونے کا وقت ہے، سب کے ساتھ رابطے میں ہیں، اسٹیبلشمنٹ کو سیاست سے حقیقی معنوں میں دور رہنا ہوگا۔
سراج الحق نے کہا کہ سپریم کورٹ، اسٹیبلشمنٹ، الیکشن کمیشن کو غیرجانبدار ہونا ہوگا، ان تین اداروں سے اپیل کروں گا حقیقی معنوں میں غیرجانبدار رہیں، عوام کو اختیار دینے کا مطلب عوام کو اختیار دیا جائے، تحریک انصاف کے خلاف بہت سارے مقدمات اور کارکنوں پر لاٹھی چارج ہوا، ان کے مسائل اپنی جگہ پر ہیں، تحریک انصاف نے مقدمات کے حوالے سے کوئی شرائط نہیں رکھی۔

مزید پڑھیں:  کوئٹہ، شیخ الحدیث مولوی محمد عمر جان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق