شمالی وزیر ستان میں1044 آپریشنز

شمالی وزیر ستان میں1044 آپریشنز،280شدت پسند گرفتار،50 مارے گئے

ویب ڈیسک: شمالی وزیرستان میں موجود سکیورٹی فورسز کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کی پہلے سہ ماہی کے دوران سکیورٹی اداروں نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کیخلاف مجموعی طور پر 1044 آپریشنز کئے جس میں 50 کے شدت پسند مارے گئے جبکہ 280 کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس میں 13 خود کش دہشت گرد جبکہ 267 ان کے سہولت کار ہیں۔ گزشتہ روز میرانشاہ میں موجود سکیورٹی ذرائع کی طرف سے جاری کردہ تفصیلی اعداد و شمار کے مطابق مذکورہ آپریشنز میں 213 آپریشنز خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ، 513 آپریشنز گھات لگا کر ، 229 آپریشنز غلبہ و صفایہ ، 8 جبکہ آپریشنز سنیپ چیک کئے گئے ہیں۔
سکیورٹی اعداد و شمار میں سہولت کاروں کی تصاویر اور جن علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں ، کو بھی باقاعدہ واضح کیا گیا ہے جبکہ مارے جانے والے دہشت گردوں کے بارے میں بھی یہ وضاحت جاری کی جا چکی ہے کہ جس کے مطابق میرعلی اور دتہ خیل میں 11، 11 ، میرانشاہ میں 5 ، دوسلی میں 10 ، ایشام میں 7 ، سپین وام میں ایک ، حسن خیل میں تین جبکہ رزمک میں دو دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران کثیر مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی پکڑا گیا ہے جس کی تفصیل دی گئی ہے جس کے مطابق پکڑے گئے اسلحے میں رائفل ، ایس ایم جیز ، پستول ، چھوٹے ہتھیار ، ار پی جیز ، مشین گنزاور دیگر مختلف قسم کے بندوق وغیرہ قبضے میں لئے گئے ہیں۔ ایک مقامی صحافی کیمطابق سکیورٹی اداروں کی طرف سے اس قسم کے رپورٹ کو پبلک کرنے کا مقصد یہ ہو سکتا ہے کہ عوام کو بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے بارے میں علم ہو سکے جس سے حکومت اور عوام کے درمیان اعتماد سازی میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ میں بارش جاری،صاف پانی کے کنویں سیلابی پانی سے بھرگئے