پشاور ڈینگی

پشاور کی 15یونین کونسلزڈینگی کیلئے انتہائی حساس قرار

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں ڈینگی کے آئوٹ بریک کے پیش نظر تمام ضلعی ہسپتالوں میں 10بستروں پر مشتمل خصوصی وارڈز قائم کردئے گئے ہیں اس سلسلے میں متعلقہ تمام محکموں کے اشتراک سے ڈینگی کیخلاف مہم شروع کردی گئی ہے جبکہ اس کیلئے لیڈی ہیلتھ ورکرز اور انٹامالوجسٹ کو بھی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ڈینگی کے کیسز رپورٹ کرنے کیلئے فوکل پرسن تعینات اور سپرے کے خصوصی انتظامات بھی کردئے گئے ہیں اس سلسلے میں گزشتہ روز ڈینگی ایکشن پلان کے بارے میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 2022 میں ڈینگی کی سب سے زیادہ کیسز 9 ہزار پشاور میں رپورٹ ہوئے تھے ۔
امسال زیادہ تر کیسز ایسے ہیں جنہوں نے کراچی سے پختونخوا میں سفر کیا ہے بریفنگ کے مطابق علامات ظاہر نہ ہونے پر مریض کا ٹیسٹ نہیں کیا جاتا تاہم 90 فیصد سے زیادہ مریضوں کو علامات ظاہر ہی نہیں ہوتی اور وہ گھر پر ہی رہتے ہیں۔ ضلع پشاور میں 15 ہائی رسک یونین کونسلز کی بھی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اسی طرح نوشہرہ میں بدرشی، اکوڑہ خٹک اور کھٹی خیل ہائی رسک یونین کونسلز ہیں۔اجلاس میں عام آبادی کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمین کے گھروں اور ریسٹ ہاوسز میں بھی ڈینگی لاروا کی سرولنس کرنے اور ٹائر شاپس، سپئیر پارٹس کی دکانوں و دیگر جگہوں پر بھی خصوصی نگرانی کی جائیگی ۔

مزید پڑھیں:  پشاور، 4 لاکھ 38 ہزار 547 خاندان رمضان پیکج سے مستفید