جامعہ پشاور 100کروڑ روپے

جامعہ پشاور پر100کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا

ویب ڈیسک: پشاور یونیورسٹی کی انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد مطالبات کی منظوری سے جامعہ پر ایک ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا ۔ مذکورہ اضافی بوجھ کہاں سے پورا کیا جائے گا اور جامعہ پشاور اس مد میں کہاں کہاں سے مدد لے گی اس حوالے سے آئندہ چند روز میں لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔
گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر اختر علی شاہ نے بتایا کہ جامعہ پشاور کے ملازمین کو 15فیصد ایڈہاک الائونس، تفاوت ختم کرنے کا الائونس، بچوں کو مفت تعلیمی سہولت فراہم کرنے ، اساتذہ کی ترقیاں اور بھرتیاں، ہائوس رینٹ اور ہائوس سبسڈی سمیت دیگر کئی مطالبات سے ایک اندازے کے مطابق جامعہ پشاور پر ایک ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔ جامعہ پشاور یہ بوجھ اٹھانے کیلئے صوبائی حکومت سے مدد لے گی تاہم صوبائی حکومت خود اس وقت شدید مالی بحران کی شکار ہے
لہٰذا جامعہ پشاور اس بوجھ کو اٹھانے کیلئے اپنی جائیداد و ں سے آمدن بڑھائے گی۔ ڈاکٹر اختر علی شاہ کے مطابق جامعہ پشاور کی آمدن بڑھانے کیلئے پلان تیار کر رہے ہیں جبکہ ان مطالبات کی منظوری سے پڑنے والے اضافی بوجھ کے حوالے سے جامع رپورٹ آئندہ سینڈیکیٹ اجلاس میں پیش کی جائے گی جس سے یہ اندازہ ہو جائے گا کہ جامعہ پشاور کو مزید کتنی رقم درکار ہوگی۔

مزید پڑھیں:  پشاور یونیورسٹی کے اساتذہ کا تمام جامعات بند کرنے کی دھمکی