کل ایک ہی عید

ملک بھر میں کل ایک ہی عید، نئی تاریخ رقم

ویب ڈیسک: طویل عرصہ بعد ملک بھر میں ایک ہی روزہ کے بعد ایک ہی عید الفطر کل بروز ہفتہ منائی جارہی ہے ۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے بعد پشاور کی مقامی رویت ہلال کمیٹی نے بھی عید الفطر ہفتہ کے روز ہونے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے چند اضلاع میں عیدالفطر آج منائی جائیگی۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا عبدالخبیرآزاد کی سربراہی میں اسلام آباد میں منعقد ہوا مرکزی کمیٹی سمیت پشاور، لاہور، کوئٹہ اور کراچی کی زونل کمیٹیوں کو بھی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد مولانا عبدالخبیر آزاد نے بروز ہفتہ عید الفطر کا اعلان کردیا
پشاور کی مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مسجد قاسم علی خان میں مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں منعقد ہوا کمیٹی کو چند شہادتیں موصول ہوئیں تاہم ان کے درست ہونے کی تصدیق نہ ہوسکی۔ مردان، چارسدہ ، بنوں اور شمالی وزیرستان سمیت مختلف علاقوں سے چاند دیکھنے کی اطلاعات سامنے آئیں جبکہ ان علاقوں میں عید الفطر کا اعلان کر دیا گیا تاہم صوبے میں سب زیادہ مانی جانے والی کمیٹی مسجد قاسم علی خان نے عید الفطر کا اعلان نہیں کیا۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے ہفتہ کے روز عید الفطر کا اعلان کر دیا ہے آج ملک بھر میں رمضان کا 30واں روزہ ہوگا جو کافی عرصہ بعد رکھا جائیگا ملک بھر میں امسال رمضان المبارک کا روزہ بھی ایک ساتھ رکھا گیا تھا جبکہ اس بار عید الفطر بھی ایک ساتھ ہی ہوگی۔ ماضی میں ایک روزہ یا ایک عید ہونے کی کئی مثالیں موجود ہیں
تاہم ایک ہی روزہ اور ایک ہی عید ہونے کی روایت کافی عرصہ بعد سامنے آئی ہے۔ اس سے قبل سعودیہ عرب نے آج عید الفطر کا اعلان کردیا ہے سعودیہ میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد عید کا اعلان کیا گیا سعودیہ میں 29روزے رکھے گئے واضح رہے کہ سعودیہ اور پاکستان میں رمضان ایک ساتھ شروع ہوا تھا تاہم آج وہاں عید اور پاکستان میں روزہ ہے ۔

مزید پڑھیں:  پرویز الٰہی کی طبیعت خراب ،جیل سے پمز ہسپتال منتقل