ویب ڈیسک: پشاور سمیت ملک بھر میں آج ہفتہ کے روز22اپریل کو عید الفطر ایک ہی روز مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جارہی ہے جبکہ پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین نے جمعہ کے روز عید الفطر منائی اور کیمپوں میں نماز عید کے اجتماعات کا اہتمام کیا اس کے علاوہ چاند کی رویت کے دعوئوں کے ساتھ بعض قبائلی علاقوں میں بھی جمعہ کے روز عید الفطر منائی گئی اس سلسلے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کئے گئے تھے۔ باجوڑ، بنوں اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عید منائی گئی چارسدہ اور مردان کے بعض علاقوں میں بھی محدود پیمانے پر عید منانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں اس مرتبہ مرکزی اور علاقائی سطح کی سرکاری رویت ہلال کمیٹیوں اور مقامی غیر سرکاری کمیٹیوں کی جانب سے چاند کی رویت کا اعلان نہیں کیا گیا تھا لیکن لوگوں نے اپنی مرضی کی بنیاد پر عید منانے کا فیصلہ کیا۔ پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ اور کوہاٹ ڈویژن سمیت ملک بھر میں مرکزی اور مسجد قاسم علی خان کمیٹی کے اعلان کے مطابق ایک ہی روز عید الفطر مذہبی جوش، عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ عید الفطر کے حوالے سے اجتماعات کے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
