ناقص ترین بولنگ

ناقص ترین بولنگ، پاکستانی بولرز 193 رنز کا دفاع بھی نہ کر سکے، سیریز 2-2 سے برابر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز 2-2 سے برابر ہو گئی۔ گرین شرٹس کی ناقص ترین بولنگ 193 رنز کے بڑے ہدف کا بھی دفاع نہ کر سکی۔ نیوزی لینڈ نے آخری ٹی 20 میں 6 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کر لی۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پانچویں اور آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ محمد رضوان 98 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ افتخار احمد 36 اور عماد وسیم 31 رنز بنا سکے۔ بلیئر ٹیکنر نے 3 اور ایش سودھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں نیوزی لینڈ کے مڈل آرڈر بلے باز مارک چیپمین کی شاندار سنچری کی بدولت نیوزی لینڈ نے آخری اوور کی دوسری گیند پر مطلوبہ ہدف پورا کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ چیپمین 4 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 57 گیندوں پر 104 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ جیمس نیشم 45 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاہین آفریدی کی میچ کے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں بھی کسی کام نہ آئیں وہ سب سے مہنگے بولر رہے اور 4 اوورز میں 48 رنز دیئے۔ عماد وسیم نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے 2 اوور میں 29 جبکہ احسان اللہ اور حارث رؤف نے 39,39 رنز دیئے۔ میزبان پاکستان کی سیریز جیتنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی جبکہ نیوزی لینڈ نے پانچ میچ کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف