ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن

پانچویں میچ میں بولنگ اور فیلڈنگ نے مایوس کیا، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن

پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے کہا ہے کہ پانچویں ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہماری بیٹنگ ٹھیک تھی لیکن بولنگ اور فیلڈنگ نے مایوس کیا، بیٹنگ میں ہم نے دس سے پندرہ رنز کم بنائے لیکن 193 پھر بھی مناسب ٹوٹل تھا جسے پاکستان کی بولنگ ڈیفینڈ کر سکتی تھی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ایک انٹرویو میں ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس لاہور میں تیسرے میچ کے دوران سیریز جیتنے کا سنہری موقع تھا جسے ہم نے گنوا دیا، مسلسل وکٹیں گرتی رہیں تو کھیل میں واپس آنا مشکل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچویں میچ میں بیٹنگ ٹھیک رہی تاہم بولنگ اور فیلڈنگ نے مایوس کیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے حوالے سے بریڈ برن کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں یہ ایک اچھی سیریز ہوگی جس سے اپنی خامیاں تلاش کرنے اور دور کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ٹیم کی ہر پوزیشن پر کم سے کم دو کھلاڑیوں کے درمیان مقابلہ ہو، انٹرنیشنل کرکٹ میں کسی کھلاڑی کو ریلیکس نہیں ہونا چاہئے بلکہ اسے معلوم ہونا چاہئے کہ اس کا ساتھی اس کی جگہ لینے کو تیار ہے اس لئے اسے سوفیصد کارکردگی دکھانا ہوگی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر