پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیس سامنے آگئے،الرٹ جاری

پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیس سامنے آگئے،الرٹ جاری

ویب ڈیسک: پاکستان میں منکی پاکس کے 2 کیس سامنے آئے ہیں ۔ وفاقی وزارت صحت کے حکام کے مطابق سعودی عرب سے بے دخل کئے جانے والے شخص اور جہاز میں اس کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرے مسافر میں منکی پاکس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ وفاقی وزارت صحت کے سینئر حکام نے بتایا ہے کہ سعودی عرب سے 17 اپریل کو پاکستان آنے والے شخص میں منکی پاکس کی علامات تھیں جس کے بعد اس شخص کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں طبی معائنہ کی ہدایت کی گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ متاثرہ شخص جس طیارے میں آیا اس کے ساتھ بیٹھے ہوئے دوسرے شخص میں بھی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور جب اس کا ٹیسٹ کروایا گیا تو اس میں بھی منکی پاکس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ پمز اسلام آباد کے ماہرین متعدی امراض نے متاثرہ شخص کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجے اور گزشتہ روز قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد نے متاثرہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق کردی۔ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد راولپنڈی اسلام آباد کے رہائشی ہیں۔منکی پاکس کے کیس سامنے آنے کے بعد پورے ملک کے ائیرپورٹس پر ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور بیرون ملک سے آنے والے مشتبہ مریضوں کے نمونے قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد بھیجنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ادارے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ شاہ کے دستخط سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ خطرناک بیماری منکی پاکس جس میں جان بھی جا سکتی ہے، کیلئے خاص طور پر بیرون ملک سے آنے والے اور بالعموم بیرون ملک جانے والے مسافروں کیلئے سخت حفاظتی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ منکی پاکس دراصل ایک ایسا وائرس ہے جو بنیادی طور پر جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ منکی پاکس، وائرس کے پاکس وائری ڈائے (Poxviridae) فیملی سے تعلق رکھتا ہے، اس فیملی کو مزید 2 ذیلی خاندانوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں 22 انواع ہیں اور مجموعی طور پر اس فیملی میں وائرس کی 83 اقسام ہیں۔

مزید پڑھیں:  دورہ پاکستان مکمل، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی وطن واپس روانہ