قابل توجہ موقف

سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے خبردار کیا ہے کہ موجودہ معاشی اور سیاسی بحران میں فوجی آمریت کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے تمام طریقہ کار موجود ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مذاکرات کا آغاز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب سسٹم ناکام ہوجائے یا اداروں میں تصادم ہو اور سیاسی قیادت اس سے باہر آنے کا راستہ نہ نکال سکے تو ایسی صورتحال میں ہمیشہ مارشل لا کا امکان رہتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایسا بہت سے ممالک میں ہو چکا ہے اور جب سیاسی اور آئینی نظام ناکام ہوجائے تو ماورائے آئین اقدامات رونما ہوتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ سیاسی موجودگی ہے، آج ہر سیاسی جماعت (پی ڈی ایم) کو حکومت میں12 ماہ ہو گئے ہیں تاہم انہوں نے ابھی تک ڈیلیور نہیں کیا، یہ حقیقت میں شدید بحران ہے اور نمایاں مرحلہ معاشی بحران ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈیلیور نہ کرنے میں بہت چیزیں بشمول آئینی اور ادارہ جاتی ناکامی، سیاسی اور عدالتی نظام کی ناکامی اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ناکامی شامل ہے۔انہوں نے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، مسلم لیگ (ن) ہمیں قیادت سے آغاز کرنے کی ضرورت ہے اور پھر ہر چیز وہیں سے ہی آگے بڑھے گی۔ملک میں جاری سیاسی بحران سے ہر شخص مشوش ہے اور اس بارے سبھی کی رائے یکساں ہے کہ اس بحران سے نکلنے کے لئے سیاسی مذاکرات کئے جائیں حکومت میں شامل چند عقابوں اور پی ڈی ایم کے سربراہ بالخصوص اس عمل کے سخت مخالف ہیں ان کے پاس اگر اس بحران سے نکلنے کا کوئی فارمولہ ہوتا تواس کی گنجائش تھی لیکن جب ملک کوبحران سے نکالنے کی کوئی سبیل نظر نہیں آتی اور سیاستدان ذاتی دشمنوں کا کردار ادا کرنے پر بضد ہوں تو سوائے بحران کی شدت میں اضافے کے اور کچھ حاصل نہیں ہو سکتا اس سے بڑھ کر بدقسمتی کیا ہو گی کہ مذاکرات اور معاملت کے انکاری عناصر تو مذاکرات پر آمادہ ہیں مگرہر بحران کا حل نکالنے اور مفاہمت کی سیاست کے داعیوں نے اسے انا کا مسئلہ بنا دیا ہے حالانکہ بدترین سیاسی مخالفین میں مذاکرات اور سیاسی معاملات کا سیاسی انداز میں حل نکالنا کوئی معیوب بات نہیں بلکہ مفاہمت سیاست اور جمہوریت کا حسن ہے سابق وزیر اعظم بار بار جس امر کی نشاندہی کر رہے ہیں وہ بلاوجہ نہیں ان کی اس تجویز پر کہ مذاکرات قائدین کی سطح سے شروع ہوں اچھی تجویز ہے جس پرعملدرآمد سے اصلاح احوال کی بہتر صورت متوقع ہے ۔

مزید پڑھیں:  جگر پیوند کاری اور بون میرو ٹرانسپلانٹ سنٹرز کا قیام