پاکستان شاہینز کے ٹاپ آرڈر بلے باز صاحبزادہ فرحان دائیں انگوٹھے کی انجری کے باعث آئندہ ماہ زمبابوے کے دورے سے باہر ہو گئے ہیں۔ تربیتی کیمپ کے دوران پریکٹس میچ میں فرحان کے دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہوگیا تھا۔ ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے بلے باز صائم ایوب کو 17 سے 27 مئی تک کھیلے جانے والے 50 اوور کے چھ میچوں کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ صائم ٹیم کنسلٹنٹ عبدالرحمان کے ساتھ دوسرے چار روزہ میچ کے بعد ہرارے پہنچیں گے جو 13 مئی کو ختم ہوگا۔پاکستان شاہینز لاہور میں دو روزہ کیمپ کے بعد کل 30 اپریل کو لاہور سے ہرارے کے لیے روانہ ہوگی۔ عمران بٹ کی قیادت میں پاکستان شاہینز دو چار روزہ اور چھ ایک روزہ میچوں میں شرکت کرے گی۔ ان کے علاوہ سکواڈ میں حسین طلعت (نائب کپتان)، عامر جمال، عبدالواحد بنگلزئی، حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز ، میر حمزہ ، محمد علی، محمد ہریرہ، مبصر خان، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر (وکٹ کیپر)، اور شاہنواز ڈہانی شامل ہیں۔ صائم ایوب (صرف50 اوور کے میچ کیلئے) جبکہ آصف محمود، اطہر محمود، سعد خان اور وقار احمد ریزرو کھلاڑی ہیں۔
