سری لنکا نے آئرلینڈ کے خلاف دوسرا ٹیسٹ بھی جیت لیا

آئرلینڈ کے خلاف سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ سری لنکا کے بلے بازوں نے دو ڈبل سنچریوں اور دو سنچریوں کی مدد سے 704 رنز بنائے۔ آئرلینڈ کو اننگ اور 10 رنز سے شکست کا سامنا۔ گال میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور آئرش بلے باز پہلی اننگ میں 492 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کرٹس کیمفر 111 اور پال سٹرلنگ 103 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اینڈی بالبرائن 95 اور وکٹ کیپر بلے باز لورکن ٹکر 80 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں سری لنکا کی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 704 رنز بنا کر ٹیسٹ کرکٹ کا پچیسواں سب سے بڑا ٹوٹل کھڑا کر دیا۔ کسال مینڈس 245، نشان مدھوشنکا 205 اور کپتان ڈیموتھ کارونارتنے 115رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اینجلو میتھیوز 100 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے گراہم ہیومے، اینڈی میکبرائن اور کرٹس کیمفر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آئرلینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں جم کر نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 202 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ہیری ٹیکٹر 85 اور کپتان اینڈی بالبرائن 46 رنز بنا سکے۔ سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتھا فرنانڈو نے 3 جبکہ پرتابھ جے سوریا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یوں سری لنکا نے دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 10 رنز سے کامیابی اپنے نام کر لی۔ پرتابھ جے سوریا کو 7 وکٹیں لینے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ سری لنکا اور آئرلینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں بھی سری لنکا اننگز اور 280 کی فتح حاصل کر چکا ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ ٹوٹل کا ریکارڈ بھی سری لنکا کے پاس ہے جو اس نے بھارت کے خلاف کولمبو میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 952 رنز کے ساتھ بنایا تھا۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا