پریمیئر کپ، نیپال، کویت، یو اے ای اور عمان کی سیمی فائنل میں رسائی

اے سی سی پریمیئر کپ میں نیپال، کویت، یو اے ای اور عمان کی ٹیمیں اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔ پہلے کوارٹر فائنل میں عمان نے سعودی عرب کو 72 رنز سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کیا۔ عمان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 366 رنز بنائے۔ جواب میں سعودی عرب کی ٹیم 46.5 اوورز میں 294 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں متحدہ عرب امارات نے بحرین کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔ بحرین کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.1 اوورز میں صرف 116 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ جواب میں یو اے ای نے 27.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر کے میچ اپنے نام کر لیا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں نیپال نے قطر کو 68 رنز سے زیر کر لیا۔ نیپال نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.3 اوورز میں 157 رنز بنائے تاہم قطر کی ٹیم یہ آسان ہدف بھی پورا نہ کر سکی اور پوری ٹیم 25.1 اوورز میں 89 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ چوتھے کوارٹر فائنل میں کویت نے ہانگ کانگ کو 38 رنز سے ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ کویت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔ جواب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 242 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ سیمی فائنل لائن اپ میں نیپال کا مقابلہ کویت سے جبکہ یو اے ای کا مقابلہ عمان سے ہوگا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر