رونالڈو سے معاہدے پر افسوس کی خبریں درست نہیں، ترجمان النصر

معروف سعودی فٹ بال کلب النصر نے کرسٹیانو رونالڈو سے معاہدہ پر افسوس کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔ سعودی عرب کے النصر کلب کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ سابق صدر مصلی المعمر کے بیان سے متعلق گردش کرنے والی خبریں درست نہیں، انہوں نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا کہ کلب کو رونالڈو سے معاہدے کے معاملے میں دھوکا ہوا۔ النصر کے پریس ایڈوائزر ولید المحیدب نے مزید کہا کہ ہسپانوی میڈیا میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ رونالڈو کے سعودی عرب آنے پر انہیں دھوکا ہوا جو سراسر جھوٹ ہے۔ گزشتہ دنوں النصر کے سابق صدر مصلی المعمر نے خراب کارکرگی کے باعث سعودی وزارت کھیل کو اپنا استعفی پیش کردیا تھا جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو بھی تحلیل کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ سے منتقلی کے بعد سعودی کلب النصر نے 38 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کو ٹیم میں شامل کیا تاہم پرو لیگ کے دوران رونالڈو نے 14 میچز میں محض 11 گولز اسکور کیے جبکہ ان کی ٹیم کو روایتی حریف الہلال سے بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

مزید دیکھیں :   لارڈز ٹیسٹ، انگلینڈ نے آئرلینڈ کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا