پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں بھی میزبان گرین شرٹس نے کامیابی اپنے نام کر لی۔ اوپنر فخر زمان کی 189 رنز کی شاندار اننگز نے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے۔ ڈیرل مچل ایک بار پھر سنچری بنا کر ٹیم کے سب سے زیادہ سکور بنانے والے بلے باز رہے۔ وہ 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ٹام لیتھم صرف 2 رنز کی کمی سے سنچری نہ بنا سکے اور 98 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ چیڈ باوز 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 جبکہ نسیم شاہ نے 1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان کی اوپننگ امام الحق اور فخر زمان نے کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 66 رنز بنائے۔ امام الحق 24 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد کپتان بابر اعظم نے فخر زمان کے ساتھ سکور کو آگے بڑھایا۔ بابر اعظم 65 رنز بنا کے آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے 6 چھکوں اور 17 چوکوں کی مدد سے 144 گیندوں پر 180 رنز ناٹ آؤٹ کی جاندار اننگز کھیلی۔ محمد رضوان 54 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہینری، ہینری شپلے اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں پاکستان نے دوسرے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کر لی۔ پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ سیریز کے آخری تین میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
