حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رہیں گے،پی ٹی آئی کافیصلہ

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مرکزی رہنمائوں کا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی،فواد چوہدری، شبلی فراز، سینیٹر اعظم سواتی، اعجاز چوہدری اور محمود خان شریک ہوئے۔اجلاس میں عمران خان کو حکومت کیساتھ مذاکرات پر بریفنگ دی گئی اور چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پرآپریشن کے بعد مذاکرات کے مستقبل پرغور کیا گیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے آئین کے دائرے میں انتخابات کے فریم ورک پر حکومت سے مذاکرات جاری رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ منگل کو حتمی ایجنڈے پر بات ہوگی۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وہ الیکشن پر حکومت کے ساتھ ڈائیلاگ کیلئے تیار ہیں۔ عمران خان نے تصدیق کی کہ منگل کو ان کی ٹیم حکومت سے مذاکرات کیلئے جائے گی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ ایک قومی الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ 14 مئی تک اسمبلیاں تحلیل کرتے ہیں تو ہم ایک تاریخ کو ملک بھر میں الیکشن کیلئے تیار ہیں
اگر آپ نے 14 مئی سے پہلے اسمبلیاں نہ توڑیں تو پھر ہم دو صوبوں میں الیکشن کرائیں گے، بجٹ کے بعد اسمبلیاں تحلیل کرنا ہمیں قبول نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کی امید چلی گئی توپاکستان کا حال سری لنکا سے بدترہوجائے گا۔عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے 15 ججوں سے کہتا ہوں خدا کے لیے ایک ہو جائیں، آپس میں اتحاد پیدا کریں اور آئین کے ساتھ کھڑے ہوں اور اس ملک کو بچائیں۔ زمان پارک میں کارکنوں سے خطاب کے دوران ان کا کہنا تھا کہ صرف سپریم کورٹ ہماری مدد کر سکتی ہے۔
انھوں نے سپریم کورٹ کے ججوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنی ذاتی لڑائی چھوڑ دیں۔انھوں نے پرویز الٰہی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان میں جنگل کا قانون ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر سابق وزیراعظم کو انصاف نہیں مل سکتا تو کسے ملے گا۔انھوں نے یکم مئی کو اسلام آباد، پشاور اور لاہور میں مزدوروں اور آئین کے لیے ریلی نکالنے کا اعلان کیا۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور کی ریلی کی قیادت میں خود کروں گا۔

مزید پڑھیں:  ہزارہ ڈویژن میں کارروائیاں ،کروڑوں کی غیر ملکی سمگل شدہ سگریٹ برآمد