پاکستان انڈر19 بمقابلہ بنگلہ دیش انڈر19، ون ڈے سیریز اتوار سے شروع ہوگی

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم ون ڈے سیریز کے چیلنج کے لئے تیار، سعد بیگ کی قیادت میں گرین شرٹس جیت کا تسلسل ون ڈے سیریز میں بھی برقرار رکھنے کے لئے پرامید دکھائی دیتی ہے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے بنگلہ دیش انڈر 19 کے خلاف چار روزہ میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جس میں پلیئر آف دی میچ شاہ زیب خان کے 174 رنز نمایاں رہے تھے جبکہ نائب کپتان علی اسفند نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ اتوار 7 مئی کو ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم چٹوگرام میں کھیلا جائے گا ۔ دوسرا ون ڈے بھی اسی گراؤنڈ میں 8 مئی کو ہوگا جبکہ بقیہ تین میچز 13,11 اور 15 مئی کو شاہد قمرالزماں اسٹیڈیم راجشاہی میں کھیلے جائیں گے۔ دورے کا واحد ٹی ٹوئنٹی میچ 17 مئی کو راجشاہی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ صبیح اظہر چار روزہ میچ میں ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں اور پرامید ہیں کہ ٹیم محدود اوورز کی سیریزمیں بھی اسی تسلسل کو برقرار رکھے گی۔ پاکستان انڈر 19ٹیم جن کھلاڑیوں پر مشتمل ہے ان میں سعد بیگ ( کپتان )، علی اسفند (نائب کپتان)، احمد حسین، ایمل خان، عامرحسین، عرفات منہاس، آزان اویس، حمزہ نواز، محمد ابتسام، محمد اسمعیل، محمد طاہر، محمد طیب عارف، عبیدشاہد، سجاد علی، شاہ زیب خان، شامل حسین اور وہاب ریاض شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف