انڈر19، پاکستان نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا

پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش انڈر19 کو پہلے چار روزہ میچ میں 10 وکٹوں سے زیر کر لیا۔ گرین شرٹس کے شاہ زیب خان کی 174 رنز کی شاندار اننگز نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ چٹوگرام میں کھیلے گئے چار روزہ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ میزبان بنگلہ دیش کی پوری ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 149رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ گرین شرٹس کے عامر حسن اور محمد اسماعیل کی تباہ کن بولنگ نے بنگلہ دیش ٹیم کے کسی بلے باز کو جم کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہ دیا۔ پرویز رحمان جبون 56، کپتان شہریار ثاقب 48 اور واسع صدیقی 18 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر حاصل نہ کر سکا۔ عامر حسن نے 4، محمد اسماعیل نے 3، علی اسفند نے 2 اور وہاج ریاض نے 1 وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان انڈر19 کی ٹیم نے اوپنر بلے باز شاہ زیب خان کی 174 رنز کی شاندار اننگز کے ذریعے 420 رنز بنائے۔ عبید شاہد 67، آذان اویس اور علی اسفند 40,40 جبکہ شمائل حسین 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش انڈر19 کی جانب سے واسع صدیقی نے 5، اقبال حسین ایمون نے 4 اور اکانتو شیخ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے دوسری اننگ میں قدرے بہتر بلے بازی کی اور 292 رنز بنائے۔ کپتان شہریار ثاقب نے 106 اور عاشق الرحمان شبلی 79 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ گرین شرٹس کی جانب سے علی اسفند نے 4، عرفات منہاس نے 3، محمد اسماعیل نے 2، اور وہاج ریاض نے 1 وکٹ حاصل کی۔ پاکستان انڈر 19 کو جیت کے لئے نہایت آسان صرف 22 رنز کا ٹارگٹ ملا جو بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے حاصل کر لیا گیا اور یوں پاکستان انڈر 19 نے چار روزہ میچ 10 وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ شاہ زیب خان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف