لیونل میسی کو الہلال کلب نے 40 کروڑ ڈالر کی پیشکش کردی

ارجنٹائن کو ورلڈکپ جتوانے والے لیونل میسی کو النصر کے روایتی حریف الہلال کلب نے سالانہ 40 کروڑ ڈالرز معاوضے کی پیشکش کردی ہے۔ سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجنٹینا کے کپتان لیونل کو سعودی پرو لیگ میں شرکت کے لیے سالانہ 40 کروڑ ڈالرز (ایک کھرب 13 ارب پاکستانی روپے سے زائد) معاوضے کی پیشکش ہوئی ہے۔ برطانوی اخبار کے مطابق لیونل میسی کے والد کی سعودی کلب سے ڈیل کی خبریں زیرگردش ہیں، اگر معاہدہ ہوجاتا ہے تو میسی کا معاوضہ رونالڈو سے زیادہ ہوگا، جو اس وقت النصر فٹبال کلب کی نمائندگی کررہے ہیں اور گرل فرینڈ، بچوں کے ہمراہ ریاض میں مقیم ہیں۔ دوسری جانب فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) نے میسی کو سعودی عرب میں چھٹیاں منانے پر معطل کردیا ہے، قیاس آرائی کی جارہی تھی اسٹار فٹبالر رواں سیزن میں کلب کو خیرباد کہہ دیں گے۔ پی ایس جی کی جانب سے کھیلتے ہوئے لیونل میسی نے 71 میچوں میں 31 گول کیے ہیں۔ رواں سیزن میں وہ فرانس میں واقع کلب کے لیے 20 گول اسکور کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی 20 بارش کی نذر