پاکستان کے لئے 2018 کا بدلہ لینے کا سنہری موقع

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 1972 سے اب تک ون ڈے انٹرنیشنل فارمیٹ میں ون ٹو ون 23 سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں مجموعی طور پر نیوزی لینڈ کا پلڑہ بھاری ہے۔ 23 میں سے 14 سیریز میں بلیک کیپس جبکہ 7 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے جبکہ 2 سیریز ڈرا ہوئی ہیں۔ دونوں ٹیمیں پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں ایک ایک مرتبہ کلین سویپ یعنی 5-0 سے کامیابی اپنے نام کر چکی ہیں۔ پاکستان نے یہ کارنامہ 2003 میں سرانجام دیا تھا جب انضمام الحق کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو گرین شرٹس نے 5-0 سے شکست دی تھی، یہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں پاکستان کا پہلا وائٹ واش تھا۔ اس وقت نیوزی لینڈ کے کپتان کرس کیرنز تھے۔ نیوزی لینڈ نے پندرہ برس بعد 2018 میں یہ بدلہ اتارا جب کین ولیمسن کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے دورہ کرنے والی پاکستان ٹیم کو 5-0 سے شکست ہوئی۔ پاکستان کی قیادت اس وقت سرفراز احمد کر رہے تھے اور نیوزی لینڈ کا بھی پاکستان کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں یہ اولین وائٹ واش تھا۔ پاکستان کے پاس صرف پانچ سال بعد یہ بدلہ پھر سے اتارنے کا سنہری موقع ہے۔ پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں 4-0 کی برتری حاصل کر چکا ہے۔ آج کھیلے جانے والے آخری میچ میں بھی پاکستان فتح یاب ہو جائے تو یہ نیوزی لینڈ کے خلاف یہ گرین شرٹس کا دوسری مرتبہ وائٹ واش ہوگا۔

مزید پڑھیں:  تیسرا ون ڈے: ویسٹ انڈیز ویمنز کا پاکستان کو 279رنز کا ہدف