34 ویں نیشنل گیمز کی مشعل آج پشاور پہنچے گی

کوئٹہ میں ہونے والی 34 ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل آج پشاور پہنچے گی۔ اولمپک مشعل گزشتہ روز کراچی کے مزارقائد پر روشن کی گئی اور اب اسے ملک کے دیگر حصوں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق مشعل آج شام پشاور ائرپورٹ پہنچے گی جہاں سے انٹرنیشنل ایتھلیٹس اسے پشاور سپورٹس کمپلیکس لائیں گے آج پشاور پہنچنے والی مشعل کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 8 مئی کو مشعل پی اے ایف ہیڈ کوارٹر پشاور لائی جائے گی جہاں سے دوبارہ پشاور سپورٹس کمپلیکس جائے گی اور وہاں سے تانگوں کے ذریعے مشعل کو پورے پشاور شہر میں مختلف بازاروں میں لے جایا جائے گا جس کا مقصد عوام کو قائداعظم محمد علی جناح کی جانب سے شروع کی جانیوالی گیمز کے بارے میں آگاہی دینا ہے۔ پشاور کے مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی یہ مشعل گورنر ہاؤس اورآخر میں پشاور سپورٹس کمپلیکس آئے گی 9 مئی کو مشعل خیرآباد پل پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے حوالے کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے ڈراز کا اعلان