پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا

زمبابوے کے دورے پر موجود پاکستان اے (شاہینز) نے زمبابوے اے کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔ زمبابوے اے نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 521 رنز اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ قومی ٹیم کے نوجوان بلے باز عمیر بن یوسف نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 250 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ محمد حریرہ نے 178 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جواب میں زمبابوے اے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 225 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ مہران ممتاز نے 5، محمد علی نے 2 جبکہ شاہنواز دہانی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان شاہینز نے زمبابوے اے کو دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دی اور فالو آن کا شکار ہونے والی زمبابوے اے کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 401 رنز بنا سکی۔ جوائیلارڈ گمبی 115، تناکا چیوانگا 58 اور تانونوروا مکونی 57 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان شاہینز کو جیت کے لئے 106 رنز کا آسان ہدف ملا جو گرین شرٹس نے 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے میچ جیت لیا۔ کپتان عمران بٹ 62 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ مہران ممتاز نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں اور میچ میں 11 وکٹیں اپنے نام کیں۔ میر حمزہ اور محمد علی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ یوں پاکستان نے زمبابوے اے کے خلاف 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا