نیوزی لینڈ نے آخری ون ڈے 47 رنز سے جیت لیا، سیریز 1-4 سے پاکستان کے نام

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے 47 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی ٹیم 299 رنز کے تعاقب میں 252 پر آؤٹ ہو گئی۔ افتخار آخری وقت تک ڈٹے رہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ٹیم 49.3 اوورز میں 299 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اوپنر ول ینگ 87 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ کپتان ٹام لیتھم 57 اور مارک چیپمین 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، شاداب خان اور اسامہ میر نے 2,2 جبکہ وسیم جونیئر، آغا سلمان اور حارث نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں قومی ٹیم کی اوپننگ اور مڈل آرڈر بیٹنگ نہ چل سکی اور پوری ٹیم 46.1 اوورز میں 252 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ اوپنر فخر زمان 34 رنز بنا سکے۔ شان مسعود 7، کپتان بابر اعظم 1 اور محمد رضوان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا نے 57 رنز بنائے جبکہ افتخار احمد نے آخر تک فائٹ کی اور 72 گیندوں پر 94 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ نے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں 47 رنز سے کامیابی حاصل کر لی جبکہ پانچ ون ڈے میچز کی سیریز 1-4 سے پاکستان کے نام رہی۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 سیریز، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج پہلا ٹاکرا ہوگا