آٹا بحران تندور بند

آٹا بحران،شہر کے مختلف علاقوں میں تندور بند ہو گئے

ویب ڈیسک: پشاور میں فائن آٹا کی عدم دستیابی اور قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں نانبائیوں نے تندور بند کر دئیے ہیں جبکہ گیس بحران کی وجہ سے بھی نانبائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ واضح رہے کہ پشاور میں فائن آٹا کی قیمت میں 6سو روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور پنجاب سے ترسیل بند ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں آٹا کی کمی کا سامنا ہے جس سے نانبائیوں کا کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے اس سلسلہ میں اتوار کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں نانبائیوں نے دکان بند کر دیں
اس سلسلے میں نانبائی ایسوسی ایشن کے عہدیدارو ں نے بتایاکہ اس وقت مختلف قسم کے مسائل کا سامنا ہے بہت سے علاقوں میں گیس کی سہولت دستیاب نہیں اور شدید لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ پنجاب سے آٹا کی بندش کے نتیجے میں فائن آٹا مارکیٹ میں دستیاب نہیں اور سٹاک ختم ہورہا ہے جبکہ روٹی کی قیمتیں برقرار ہیں جس کی وجہ سے نانبائیوں نے دکانیں بند کردی ہیں۔ ان کے مطابق اگر حکومت کی جانب سے یہ مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو مکمل ہڑتال کی جائے گی ۔

مزید دیکھیں :   وزن کم اور روٹی مہنگی کرنے کے باوجود نرخ نامہ نظر انداز