آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ اسٹینڈنگ میں آٹھویں نمبر کی ٹیم کون سی ہوگی جو رواں سال ورلڈ کپ کے لئے براہ راست کوالیفائی کر سکے گی اس کا فیصلہ کل سے شروع ہونے والی آئرلینڈ اور بنگلہ دیش کی سیریز کے اختتام پر ہوگا۔ یہ آئی سی سی کی موجودہ سائیکل کی آخری سیریز ہے جس کے اختتام پر فیصلہ آئرلینڈ یا جنوبی افریقہ میں سے کسی ایک ٹیم کے حق میں آئے گا جبکہ پیچھے رہ جانے والی ٹیم کو ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کے لئے جون جولائی میں کوالیفائیر راؤنڈ سے گزرنا ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل کے مطابق جنوبی افریقہ اس وقت آٹھویں نمبر پر موجود ہے ہے، لیکن پروٹیز پہلے ہی سپر لیگ فکسچر کا اپنا پورا کوٹہ کھیل کر 98 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں اور مزید ان کے پاس کوئی میچز نہیں ہیں۔ دوسری جانب آئرلینڈ اپنی آخری سیرز میں بنگلہ دیش کے خلاف میدان میں اترے گی جو آج سے شروع ہو رہی ہے۔ آئرلینڈ کو براہ راست کوالیفائی کرنے کے لئے سیریز 3-0 سے جیتنا ہوگی جس کے بعد جنوبی افریقہ کو جون اور جولائی کے دوران زمبابوے میں ہونے والے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں جانا پڑے گا۔ آئرلینڈ اس وقت 68 پوائنٹس کے ساتھ سٹینڈنگ میں 11 ویں نمبر پر ہے، لیکن بنگلہ دیش کے خلاف تین جیت سے یورپی ٹیم 98 پوائنٹس کے ساتھ جنوبی افریقہ کے ساتھ برابری کی سطح پر نظر آئے گی۔ تاہم یہ تین فتوحات حاصل کرنا ابھی بھی آئرلینڈ کے لیے کافی ثابت نہیں، اینڈی بالبرنی کی ٹیم کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنائے۔
